تلنگانہ میں کوویڈ 19 کے 593 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 2,69,816 ہوگئی ہے۔
اس دوران مثبت معاملات میں کمی درج کی گئی ہے۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر 1458 ہوگئی ہے کیونکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 1058 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,58,336 ہوگئی ہے۔ریاست میں سرگرم معاملات کی تعداد 10,022ہے جن میں 7946مریض گھروں پر یا پھر اسپتالوں میں الگ تھلگ رکھے گئے ہیں جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33,000 کوویڈ 19 کے معائنے کئے گئے تاہم 364 نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ بہ حیثیت مجموعی 54,53,461 نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 119 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ بقیہ معاملات ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کئے گئے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 38،772 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 94.31 لاکھ ہوگئی۔ اسی عرصے کے دوران 45،333 مریض صحتمند ہوئے جس سے اس کی مجموعی تعداد 88.47 لاکھ سے زائد ہوگئی۔ ایکٹیو کیسز میں 7004 عدد کی کمی کے ساتھ یہ تعداد 4.46 لاکھ رہ گئی۔ اسی عرصے میں مزید 443 مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد بڑھ کر 1،37،139 ہوگئی ہے۔ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح 93.81 فیصد ایکٹیو کیسز کی شرح 4.74 اور اموات کی شرح 1.45 فیصد ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست مہاراشٹر میں سب سے زیادہ (1097) فعال کیسز رپورٹ ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی اسی ریاست میں سب سے زیادہ (85) ہے جبکہ دہلی میں سب سے زیادہ (6325) کورونا مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین کووڈ ۔19 کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں ایکٹیو کیسز بڑھ کر اب 92،062 ہوگئے ہیں۔ ریاست میں اموات کی تعداد بڑھ کر 47،071 ہوچکی ہے، جبکہ اب تک 16.80 لاکھ سے زیادہ افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔