تلنگانہ میں کووڈ 19 کے مثبت معاملات میں اضافہ جاری ہے کیونکہ ریاست میں 1,015 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 2,54,666 ہوگئی ہے۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر 1,393 ہوگئی ہے کیونکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں اموات کی شرح 0.54فیصد ہے جبکہ ملک گیر سطح پر اموات کی شرح 1.5 فیصد ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے زائد کوویڈ 19 کے معائنے کئے گئے تاہم 377 نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔بہ حیثیت مجموعی 47.70 لاکھ نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے۔
جی ایچ ایم سی حدود میں 172 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد ضلع رنگاریڈی میں 98، میڑچل ملکاجگری میں 97 معاملات درج کئے گئے ہیں۔ بقیہ معاملات ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کئے گئے۔
واضح ہو کہ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے تقریباً 48 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 86.84 لاکھ سے زائد جبکہ 550 مریضوں کی اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی 1.28 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔