آسام کے شہر گوہاٹی میں شہریت ترمیمی بل سی اے بي کی مخالفت میں جاری مظاہروں کے بیچ آج غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق پولیس کمشنر دیپک کمار نے کہا کہ'ہم نے آج شام 6:15 منٹ سے غیر معینہ مدت کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔امن بحال ہونے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
انہوں نے کہا، 'پولیس نے آج مظاہرے کی اجازت دی کیونکہ اس کی قیادت طلبا نے کی اور یہ پرامن رہا لیکن اب ہم دیکھ رہے ہیں کہ سماج دشمن عناصر اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے'۔
اس دوران میٹرو ضلع کے ساتھ ریاست كے دیگر نو اضلاع میں آج شام سات بجے سے لے کر کل شام سات بجے تک کے لئے انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔
آسام کے دسپور میں شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں آج سینکڑوں طلباء اور عام لوگوں نے تین گھنٹوں سے زیادہ وقت تک اسٹیٹ سیکرٹریٹ کا گھیراو کیا۔
مزید پڑھیں: شہریت ترمیمی بل راجیہ سبھا میں بھی منظور
اس دوران سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ربڑ کی گولیاں، پانی کی بوچھاریں اور آنسو گیس چھوڑیں۔ احتجاج کرنے والوں نے سی اے بی کی مخالفت میں آج صبح 'دسپور چلو تحریک' کی شروعات کی۔