کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) نافذ کیے جانے پر برسراقتدار بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پارٹی آسام میں اقتدار میں آتی ہے تو اس قانون کو منسوخ کیا جائے گا۔
محترمہ گاندھی نے آسام دورے کے دوسرے دن منگل کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'گزشتہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ذات، مٹی اور بیٹی کی حفاظت کریں گے اور آپ نے انہیں ووٹ کیا، لیکن آپ دیکھے کہ انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد کیا کیا۔ انہوں نے سی اے اے کو پاس کیا لیکن ہم اقتدار میں آئے تو اس قانون کو منسوخ کریں گے'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ انتخاب یقین کا انتخاب ہے اور ریاست کے عوام کو ایک پارٹی نے پانچ برس پہلے یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ 25 لاکھ لوگوں کو روزگار دیے جائیں گے انہوں نے اس کے بدلے سی اے اے منظور کیا۔ کانگریس پارٹی کھوکھلے وعدے نہیں کررہی ہے لیکن پانچ گارنٹی دے رہی ہے'۔
انہوں نے ریاست کے عوام کے ساتھ پانچ وعدے کیے اور یہ بھی کہا کہ اقتدار میں آنے پر انہیں پورا کیا جائے گا۔ ان وعدوں میں سی اے اے کی منسوخی، پانچ لاکھ سرکاری نوکریاں دینا، چائے باغان کے مزدوروں کے بھتے بڑھاکر 365 روپے کرنا، ہر ایک گھر کو ہر ماہ 200 یونٹ مفت بجلی مہیا کرانا اور دو ہزار روپے فی کنبے اقتصادی امداد دینا شامل ہے۔
یو این آئی