نئی دہلی: چیف الیکشن کمیشن سنیل اروڑا نے بتایا کہ آسام اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 47 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس کے لیے 2 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور 9 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ اگلے دن اس کی جانچ کی جائے گی۔ امیدوار 12 مارچ تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ پہلے مرحلے کے لیے 27 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔
دوسرے مرحلے میں 39 اسمبلی نشستوں کے لیے 5 مارچ کو نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 12 مارچ تک کاغذات نامزدگی داخل کرسکیں گے اور اس کی جانچ 15 مارچ کو ہوگی۔ امیدوار 17 مارچ تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ اس مرحلے کے لئے ووٹنگ یکم اپریل کو ہوگی۔
تیسرے اور آخری مرحلے میں 40 اسمبلی نشستوں پر انتخاب کے لیے 12 مارچ کو نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا اور 19 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کیے جاسکیں گے۔ اگلے دن نامزدگی کے کاغذات کی جانچ کی جائے گی۔ امیدوار 22 مارچ تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ آخری مرحلے کے لئے ووٹنگ 6 اپریل کو ہوگی۔
واضح رہے کہ آسام میں دو کروڑ 32 لاکھ 44 ہزار رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
مغربی بنگال میں کل سات کروڑ 34 لاکھ سات ہزار 832 ووٹرز ہیں۔ اس ریاست میں 2016 کے اسمبلی انتخابات کے لئے 77 ہزار 413 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جبکہ اس بار ایک لاکھ ایک ہزار 916 پولنگ اسٹیشن ہوں گے۔ آسام میں 2016 کے اسمبلی انتخابات کے لیے 24 ہزار 890 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے، جبکہ اس بار انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 33 ہزار 530 ہوگی۔
مغربی بنگال اور آسام میں پرامن اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے کافی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور مختلف امور کی نگرانی کے لیے مبصرین کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ان دونوں ریاستوں میں سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اور آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادی حکومت کر رہے ہیں۔
یو این آئی