ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع خانقاہ بیت الانوار گیوال بیگہ میں عرس قادری نوری شمسی Urs Qadri Noori Shamsi کی تمام تقاریب کا اختتام ہو گیا۔ عرس کے موقع پر ایک عظیم الشان آل انڈیا نعتیہ مشاعرہ وجلسہ عام پیر طریقت حضرت مولانا کاشف الہدی کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔
جس میں ملک کے نامور شعراء اور علماء و مشائخ عظام کی آمد ہوئی جلسہ عام کے ذریعے دہشت گردی کی مزمت کی گئی، ساتھ ہی باہمی اتحاد اور قومی سلامتی و یکجہتی پر زور دیا گیا۔ علمائے کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ بلا تفریق سبھی کو ایک ساتھ جوڑنے کی صدیوں پرانی روایت کو برقرار رکھیں اور سبھی کو اپنے قریب کریں۔
مولانا آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلام اور مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے والوں کو بتائیں کہ مذہب اسلام کسی کو بدکلامی سے پیش آنے سے بھی منع کرتا ہے تو وہ عام انسانوں کا خون بہانے کی اجازت کیسے دے سکتا ہے۔
سجادہ نشین مولانا امین الہدی قادری نے ملک کی مختلف ریاستوں سے آنے والے عقیدت مندوں سے اپنے پیغام میں بزرگانِ دین کے راستے پر چلنے کی تلقین کے ساتھ قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کے فروغ اور زبان اردو کی ترویج و اشاعت اور تحفظ پر زور دیا۔
انہوں نے عرس قادری نوری شمسی کے موقع پر " فروغ اردو" مہم کا آغاز کیا اور اپنے مریدین و متوسلین اور عقیدت مندوں کے ساتھ علماء آئمہ اور سرکردہ شخصیات کے ساتھ ملکر فروغ اردو زبان سیل قائم کیا ہے ۔جو اردو کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے کام کرے گا۔ انہوں نے گھر گھر تک اردو کو عام کرنے کے لیے ائمہ کرام سے مساجد میں اس حوالے سے گفتگو کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
چونکہ آستانہ بیت الانوار ریاست بہار کی معروف اور بڑی خانقاہوں میں ایک ہے۔ ایسے میں اس مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سجادہ نشین کی پہل پر کام بڑے پیمانے پر ہوسکتے ہیں۔
آستانہ بیت الانوار میں کئی بزرگوں کی مزارات ہیں جن کے عرس میں مختلف ریاستوں سے عقیدت مندوں کی آمد ہوتی ہے۔
آستانہ بیت الانوار میں عرس کی تقریبات کا انتظام و انصرام سجادہ نشین مولانا امین الہدی قادری کی جانب سے ہوتا ہے۔