بہار کے ضلع گیا میں بے خوف بدمعاشوں نے ایک بار پھر بڑے مجرمانہ واقعہ کو انجام دیا ہے۔ جرائم پیشہ افراد نے دو تاجر بھائیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ دونوں کی موت جائے واردات پر ہی ہو گئی۔
اطلاع کے مطابق ضلع گیا کے امام گنج شیرگھاٹی شاہراہ پر آمس تھانہ علاقہ کے ہری داس پور گاؤں کے قریب برتن کاروباری دو بھائی کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔
گیا کے مفصل تھانہ علاقہ کے رام باغ کے باشندہ برتن تاجر رانی گنج سے برتن کا پیسہ لے کر پک اپ وین سے واپس آرہے تھے۔ مہلوک کے ایک رشتے دار کے مطابق بدمعاشوں نے ان سے پہلے پیسے مانگے، پیسے نہیں دینے پر انہوں نے پہلے مارپیٹ کی۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے گولی مار دی۔
واقعہ میں پک اپ وین کا ڈرائیور محفوظ ہے۔ ڈرائیور کے مطابق اس نے بھاگ کر جان بچائی۔
ایس ایس پی راجیو مشرا کے مطابق دونوں بھائی آبائی طور سے نالندہ ضلع کے رہنے والے تھے لیکن ان کا گیا کے مفصل تھانہ علاقہ میں بھی گھر ہے۔
مفصل تھانہ کے رام باغ کے رہنے والے پون کمار کا بیٹا پنکج اور چندن پندرہ سالوں سے برتن کا کاروبار کرتے تھے۔ بہٹا کے پاس پریو میں بھی ان کا برتن کا کاروبار ہے۔
دو بھائیوں کے قتل سے پورے گیا میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔ ایس ایس پی راجیومشرا امام گنج پہنچ چکے ہیں۔ پک اپ وین کے ڈرائیور سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی راجیومشرا نے بتایا کہ 'دونوں تاجر امام گنج اور رانی گنج میں برتن دے کر پیسے لے کر واپس لوٹ رہے تھے، تبھی یہ واقعہ پیش آیا۔ اہم بات یہ ہے کہ جتنا تاجروں سے پیسے لے کر واپس ہورہے تھے وہ پیسے گاڑی میں محفوظ تھے، جسے پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔
پولیس سبھی پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔ واردات میں ڈرائیور محفوظ ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق بدمعاشوں کو پولیس جلد ہی گرفتار کر لے گی۔