بہار کے ضلع گیا میں بے خوف بدمعاشوں نے دو جگہوں پر تین افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جبکہ ایک خاتون شدید طور سے زخمی ہے جسے علاج کے لیے ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
دونوں جگہوں پر مقامی باشندے سڑک جام کر کے بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے احتجاج کر رہے ہیں۔
ضلع گیا میں مجرموں نے دیر رات تین افراد کو دومختلف مقام پر گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ بے خوف مجرموں نے گیا کے ڈومریا کے میگرا تھانہ کے ہرنی گاؤں میں دو لوگوں کو گولی مار کر ہلاک کیا ہے جبکہ ایک دوسرے معاملے میں گیا کے ٹکاری میں مجرموں نے سوئے ہوئے میاں بیوی پر حملہ کیا جس میں شوہر کی جائے واقعہ پر ہی موت ہوگئی۔
اطلاع کے مطابق ٹکاری کے جموار موڑ پر واقع لکڑی کے ٹال کے نزدیک میاں بیوی پر بدمعاشوں نے گولی چلائی ہے۔ مہلوک کی پہچان منٹو مانجھی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ واقعہ میں منٹو مانجھی کی بیوی اندردانی شدید طور سے زخمی ہوگئی ہے۔ واردات کی جگہ پر ٹکاری ڈی ایس پی ناگیندرسنگھ سمیت کئی تھانوں کی پولیس نے پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا ہے۔ واردات کے بعد مقامی افراد مشتعل ہوگئے ہیں۔ ٹکاری روڈ کو جام کر کے مقامی باشندے پولیس سے بدمعاشوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پولیس نے پورے معاملے کی تحقیقات کے لئے ضلع پولیس ہیڈ کواٹر سے کھوجی کتے منگوایا ہے لیکن اب تک کھوجی کتوں سے بھی کوئی سراغ یا ثبوت پولیس کے ہاتھ نہیں لگا ہے۔ وہیں دوسری طرف ضلع کے نکسل متاثرعلاقہ ڈومریا کے میگرا میں مہندر یادو اور رام دیال یادو کو بھی بدمعاشوں نے گولی مارکرہلاک کر دیا ہے۔ دونوں کی لاش کو امام گنج پی ایچ سی بھیجا گیا ہے جہاں سے پوسٹ مارٹم کے لئے انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل بھیجنے کی تیاری ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں مجرمانہ واقعہ رات دوبجے کے بعد پیش آیا ہے۔ ڈی ایس پی ناگیندر سنگھ نے بتایا کہ پولیس تمام پہلؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔ کھوجی کتوں کے سہارے بھی مجرموں کی تلاش جاری ہے۔ مجرم جلد ہی پولیس کی گرفت میں ہونگے۔