ریاست بہار کے ضلع کیمور میں ماب لنچنگ کے نام پر ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا، لیکن مشتعل بھیڑ نے جانوروں سے لدے پک اَپ وین کو نذر آتش کر دیا۔
پِک اَپ وین پر لدے سبھی جانور صحیح سلامت رہے۔ شرپسندوں کی اس کاروائی میں پِک اَپ ڈراٸیور اور خلاصی بری طرح زخمی ہوئے۔
آپ کو بتا دیں کہ معاملہ ضلع کے چین پور ہاٹا شاہراہ پر میڑھ موضع کے پاس پیش آیا۔ واقعہ یہ تھا کہ جانوروں سے لدا ایک پک اپ وین بہار سے یوپی کی جانب رواں دواں تھا تبھی دیہی علاقے سے گزرتے اس پک اَپ ون پر سوار جانوروں کو دیکھ کر مقامی لوگوں کو شبہ ہوا ۔ لوگوں نے شبے کی بنا پر پک اَپ کو رکوانے کی کوشش کی، تبھی ڈراٸیور نے گاڑی کی رفتار کو مزید تیز کر دیا اور وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی جس کی زد میں آنے سے علاقے کا ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
مشتعل لوگوں نے گاڑی کا پیچھا کیا اور اسے قبضے میں لے لیا جس کے بعد بھیڑ نے ڈراٸیور اور خلاصی کی جم کر پٹائی کر دی اور گاڑی کو آگ کے حوالہ کر دیا۔
ڈرائیور کا نام پتہ ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔ ڈراٸیور اور خلاصی اترپردیش کے مرزا پور باشندہ راکیش کیسری اور آشیش بند تھے۔
اطلاع پر چین پور پولیس اور فاٸر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو جلنے سے بچا لیا۔ پولیس نے گاڑی کو ضبط کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال بھیج دیا۔
بھیڑ نے صرف 'راکیش کیسری اور آشیش' نام کے سبب ڈرائیور اور خلاصی کو چھوڑ دیا اور ان سب کا غصہ ایک پل میں کافور ہو گیا۔ لیکن اگر پک اَپ ڈراٸیور اور خلاصی کا تعلق اگر ایک خاص مذہب سے ہوتا جس کے تعلق سے لوگوں کے ذہن و دماغ میں زہر گھولا گیا ہے تو شاید کسی بڑے حادثات سے انکار نہیں کیا جا سکتا تھا۔