ریاست بہار کے نائب وزیراعلی ششیل کمار مودی پیر کوضلع گیا کے دورے پر آرہے ہیں۔ یہاں آئی ایم اے ہال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام قومی شہریت ترمیمی ایکٹ و قومی آبادی رجسٹر اور این آرسی کی حمایت میں منعقد بیداری پروگرام میں شامل ہوں گے۔
نائب وزیراعلی بی جے پی کارکنان کو سی اے اے سے متعلق حکومت پر اٹھ رہے سوالات کے دفاع کی تربیت دیں گے۔
پروگرام میں شریک ہوکر وہ سرکٹ ہاوس میں نامہ نگاروں سے بھی مخاطب ہوں گے اور ساتھ ہی ضلع کے افسران سے بھی ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیں گے۔ ان کی آمد کو لےکر بی جے پی کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کادعوی کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سی اے اے کے نفاذ کے بعد بہار کے ضلع گیا میں تسلسل کے ساتھ مظاہرے ہورہے ہیں۔ شہر گیا میں سی اے اے و این آرسی اور این پی آر کی مخالفت میں آئین بچاو سنگھرش مورچہ کے زیر اہتمام غیر معینہ احتجاج بھی جاری ہے۔
گیا میں سڑک پر مظاہروں کے بعدپولیس کی جانب سے ایک ہزار نامعلوم افراد سمیت 67 افراد کونامزد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔
اب تک دس افراد کو پولیس نے گرفتار بھی کیا ہے۔ پولیس کا مظاہرین پر الزام ہے کہ مظاہرے کے دوران سرکاری وغیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے جبکہ مظاہرین نے پولیس کے الزامات کوبے بنیاد قرار دیتے ہوئے پولیس کی یک طرفہ کاروائی بتایا ہے۔