بہار اسمبلی انتخابی مہم کے آخری دن ریاست میں آج کئی بڑے انتخابی جلسے ہو رہے ہیں۔ گیا کے شیرگھاٹی اسمبلی حلقہ کے امیدوار عمیر احمد خان عرف ٹکا خان کی تشہیر کرنے پہنچے راجیش رنجن عرف پپو یادو نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے عظیم اتحاد کی طرف سے وزیر اعلی کے امیدوار تیجسوی یادو پر طنز کیا۔
انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی، بی جے پی کی 'بی' ٹیم ہے، انتخابات کے بعد جے ڈی یو کو باہر کا راستہ دکھا کر بی جے پی آ رجے ڈی کے ساتھ مل کر سرکار بنانے کی کوشش کرے گی اور آ رجے ڈی بغیر کسی چوں چراں کے بی جے پی کی حمایت کو تیار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نتیش اور لالو کے تیس سال بنام تین سال پر وہ ووٹ مانگ رہے ہیں۔ اگر ان کی پارٹی کی حمایت سے بھی کسی کی حکومت بنتی ہے تو تین سالوں میں وہ ریاست میں ترقی کی مثال قائم کریں گے۔ یہاں کی تصویر بدل جائے گی، روزگار مہیا کرایا جائے گا اور ساتھ ہی ریاست سے جرائم کا خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے کورونا وبا کی وجہ سے نافذ کیے گئے لاک ڈاون کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکمراں جماعت کے رہنما اور حزب اختلاف کے رہنما کسی نے بھی بے سہارا اور غریبوں کی مدد نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بے سہارا لوگوں کی مدد کے لیے آگے تھا تو وہ پپو یادو تھا۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے امیدوار عمیر احمد خان عرف ٹکا خان کی جیت کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ شیرگھاٹی کو ضلع بنانے کے ساتھ ساتھ یہاں اعلیٰ تعلیم کا بھی نظم ہوگا، تاکہ غریب بچوں کو باہر تعلیم کے لئے جانا نہیں پڑے اور ساتھ ہی دیگر مسائل کو پورا کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ جلسہ میں پپو یادو کو سننے کے لیے لوگوں کا ہجوم پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
نئی اسکیم سے سیب کے تاجر ناخوش
خیال رہے کہ بہار میں تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں پہلے مرحلے میں ووٹنگ 28 اکتوبر کو ہونی ہے اور اسی لیے انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے۔ انتخابی مہم کے آخری دن ہونے کی وجہ سے ضلع گیا میں بھی بڑے بڑے انتخابی جلسے ہو رہے ہیں۔ کئی بڑے رہنماوں کی آمد ہوئی ہے