میانمار ایئرلائنس کے طیارہ سے بہار اور جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے 45 افراد گیا پہنچے جن میں بہار کے چالیس جبکہ جھارکھنڈ کے چار افراد شامل ہیں، اسی طیارے سے ینگون کے لیے 104 میانمار کے باشندوں کو واپس جانا تھا لیکن 82 باشندے ہی اپنے ملک واپس ہوئے۔ 22 میانمار کے باشندوں کو کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے گیا ہوائی اڈے سے حراست میں لیا گیا۔
ہوائی اڈے پر روانگی سے قبل مسافروں کے تمام سامان کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں جہاز میں پہنچا دیا گیا تھا۔ لیکن اس دوران امیگریشن کے ذریعے سفر کے مناسب دستاویزات نہ ہونے کے سبب 22 مسافروں کو ہوائی اڈے پر ہی روک دیا گیا۔ جب کہ طیارہ تقریبا تین گھنٹے کی تاخیر سے 82 مسافروں کو لے کر ینگون کے لیے روانہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام 22 مسافر گیا ایئرپورٹ پر طیارہ پکڑنے کے لیے کولکتہ سے آئے تھے۔
واضح ہو کہ میانمار کی نیشنل ایئرلائن کا طیارہ لاک ڈاؤن میں ینگون میں پھنسے 45 تارکین وطن کو لے کر گیا ہوائی اڈے آیا تھا۔ اس میں سے پانچ تارکین وطن جھارکھنڈ اور باقی 40 بہار کے مختلف اضلاع سے آئے تھے۔ انہیں بودھ گیا کے گیسٹ ہاؤس اور بودھ مانسیٹری میں 14 دن تک قرنطین رکھا گیا ہے۔