ریاست بہار کے شہر گیا میں شیعہ عالمِ دین نے جلوسوں پر سرکاری پابندی کی بناء پر اپیل کی ہے کہ گھروں میں زنجیر زنی نہ کریں بلکہ سینہ زنی کریں اور امام کو پرسہ دیں۔
گیا کے کربلا میں شیعہ عالم دین مولانا سید احمرحسن کاظمی نے کہا کہ امام عالی مقام نے کربلا کے میدان میں جوقربانی دی تھی پوری دنیا اس کو یاد کرتی ہے، کورونا وبا کے پیش نظر مجلس منعقد کرنے کی انتظامیہ کی طرف سے تو اجازت ہے لیکن شرائط کے ساتھ، اس لیے جاری کردہ اصول وضوابط کے ساتھ مجالس منعقد کرنی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلسوں میں شرکت کرنے کے لیے روایتوں میں کہا گیا ہے ثواب زیادہ ہے، تہذیب، نظم وضبط کے ساتھ مجلس کریں، گھروں پر سینہ زنی کریں لیکن زنجیری زنی نہ کریں بلکہ گھر پر امام کو پرسہ دیں اور پرسہ دینے کا طریقہ الگ الگ بھی ہے گریہ زاری اور ماتم کر کے بھی دیا جا سکتا ہے۔
ایک عشرہ پڑھیں بغیر بھیڑ لگائے، چند افراد جن کی تعداد چار پانچ ہو وہ امام بارگاہوں کی زیارت کریں، ہاں اس کا ضرور خیال رکھیں کہ اگر کمیٹی اجازت نہ دے تو زبردستی نہیں کریں کیونکہ حالات سے سبھی واقف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر گیا میں متعدد گھروں میں مجالس ہو رہی ہیں، امام کو پرسہ دیا جا رہا ہے، امام عالی مقام سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد رہتی دنیا تک منائی جائیگی، آج کورونا وبا کی وجہ سے حالات بہتر نہیں ہونے سے انتظامیہ کی طرف سے مجمع اکٹھا کرنے اور جلوس نکالنے کی اجازت نہیں ہے لیکن وبا ختم ہوگی اور آئندہ برس سبھی چیزیں اسی روایت کے ساتھ ہوں گی۔