ریاست بہار میں موسم باراں میں آسمانی بجلی سے اب تک متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بہار میں ہر برس سینکڑوں افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں، رواں برس اس کی زد میں آنے سے تقریباً 150 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ جون سے اب تک صرف ضلع گیا میں ایک درجن سے زائد افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے دعویٰ کیا ہے کہ 'آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے نصب کیے جانے والے ڈیوائز کے سبب اموات کی تعداد میں کمی کی امید ہے، کیونکہ مرکزی حکومت کی پہل پر بہار کے ضلع گیا میں پہلا لائٹننگ سینسر ڈیوائز نصب کیا جا رہا ہے جو بجلی کے گرنے سے 30 منٹ قبل ہی مقام کا پتہ بتا دے گا۔
لائٹننگ سینسر ڈیوائز ضلع گیا میں واقع جنوبی بہار سینٹرل یونیورسٹی میں نصب کیا جا رہا ہے جسے 25 لاکھ روپے کی لاگت سے دہلی کی ایک پرائیوٹ کمپنی کے ذریعہ لگایا جا رہا ہے۔
مذکورہ ڈیوائز پونے میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی کے زیر نگرانی چلایا جائے گا۔ گیا میں اس کی نگرانی جنوبی بہار سینٹرل یونیورسٹی کے محکمہ ماحولیات کے ایچ او ڈی پراتھ سارتھی کریں گے۔ پروفیسر پراتھ سارتھی ماہر موسمیات بھی ہیں۔
پروفیسر پراتھ سارتھی نے کہا کہ 'لائٹننگ سینسر ڈیوائز بجلی گرنے سے 30 منٹ قبل ہی مقام کا پتہ بتائے گا جس کی اطلاع ہم لوگوں تک پہنچا سکیں گے۔'
اس ڈیوائز کے ذریعہ جمع ڈاٹا برائے راست 'پونے آئی آئی ٹی ایم' میں پہنچ جائے گا۔ اس آلے میں بجلی بیک اپ دینے کے لیے یوپی ایس بھی انسٹال کیا گیا ہے۔ یہ ڈیوائز 15 ستمبر سے ضلع میں کام کرنا شروع کر دے گا۔