ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال کو کووڈ-19 کے مریضوں کے علاج کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ریاست میں کورونا وائرس کی مثبت ٹیسٹ رپورٹس آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کے روز بہار میں سب سے زیادہ 44 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے، بہار میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اب 214 ہوگئی ہے۔
چار اپریل کے بعد ضلع گیا میں جمعہ تک ایک بھی ٹیسٹ رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے تاہم گیا میں واقع انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و اسپتال میں دوسرے اضلاع سے کورونا وائرس کے آٹھ مثبت مریضوں کو داخل کرایا گیا ہے۔
جمعہ کی شام کو کیمور وسہسرام سے کورونا وائرس کے آٹھ مریضوں کو انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج لایا گیا ہے۔ مذکورہ تمام مریضوں کو اے این ایم سی ایچ کی الگ تھلگ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
کورونا وائرس وارڈ کے نوڈل افسر ڈاکٹر این کے پاسوان نے بتایا 'بھبھوہ سے آنے والے مریضوں میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے سات افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ان میں شامل ہے۔ اس طرح کل آٹھ افراد کورونا مثبت ہسپتال میں داخل کیے گئے ہیں۔ ان میں ایک چار سالہ بچہ بھی کورونا مثبت پایا گیا ہے۔ سات افراد کو کسی بھی قسم کی علامات نہیں ہیں۔ جبکہ ایک کو صرف بخار ہے۔ اس میں تین خواتین، چار مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔ آج سب کے نمونے لیے جائیں گے'۔
واضح رہے کہ ضلع گیا میں تیس مارچ سے چار اپریل تک کورونا وائرس کے پانچ مثبت معاملے سامنے آئے تھے، جس میں تین ایک کنبہ کے اور دو افراد ایک کنبہ کے تھے، تین افراد کا علاج پٹنہ پی ایم سی ایچ میں ہوا تھا جبکہ دو کا علاج گیا کے اے این ایم سی ایچ میں ہوا تھا، ضلع کے پانچوں مریض صحتیاب ہوکر ہسپتال سے نکل چکے ہیں، گیا میں پندرہ دنوں میں ایک بھی مثبت مریض نہیں ملنے سے انتظامیہ کو تھوڑی راحت ملی ہے تاہم اب بھی خطرہ ٹلا نہیں ہے۔