عالمی وبا کورونا وائرس (کووِڈ19) سے تحفظ اور بچاؤ سے متعلق لاک ڈاؤن کے دوران بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانی باشندوں کو’وندے بھارت مشن‘ کے تحت بہار لانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ گیارہ مئی کو پہلی پرواز کے آنے کی توقع ہے اس سلسلے میں کمشنر مگدھ نے گیا ہوائی اڈے پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کرکے تیاریوں کاجائزہ لیا۔
ریاست بہار کے لئے گیا ہوائی اڈہ کو لینڈنگ پوائنٹ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ پوری مہم کمشنر مگدھ ڈویزن گیا اسنگبہ چوبہ آؤ کی نگرانی میں چلائی جائے گی۔
اس سلسلے میں کمشنر کی صدارت میں گیا ہوائی اڈہ کے آڈیٹوریم میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ کمشنر نے ہوائی اڈے کے عہدیداروں اور اہلکاروں کو کہا کہ ’’آپ ہوائی جہاز کے تمام آپریشن کرتے ہیں، مسافروں کی یکساں طور پر رہنمائی کرتے ہیں، آپ کے پاس پرانا تجربہ ہے لیکن یہ ایک غیر معمولی وقت ہے۔ لہذا تمام محکموں کے عہدیداروں میں عمدہ تال میل ہونا چاہئے۔‘‘
کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ ’’مسافروں کے ساتھ اپنے پرانے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے انہیں ہوائی اڈے پر اترنے سے لے کر ہوٹل جانے کے وقت تک رہنمائی کریں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ گیا ہوائی اڈے پر جنوری سے ہی اسکریننگ وتھرمل جانچ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں بین الاقوامی مقام ہونے کے باوجود انفیکشن نہیں پھیل سکا۔
انہوں نے کہا کہ تمام کام حکومت ہند اور ائیرپورٹ اتھارٹی کے ذریعہ وضعکردہ معیاری طریقہ کار (ایس او پی) کے تحت انجام دیے جائیں گے ’’میڈیکل اسکریننگ کے ذریعے یاس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آیا تمام مسافر ٹھیک ہیں اور کورونا وائرس سے محفوظ ہیں، اگرچہ صرف صحت مند اور کورونا وائرس سے محفوظ افراد کو ہی واپس لایا جا رہا ہے تاہم پھر بھی احتیاط لازمی ہے۔‘‘
میٹنگ میں سی آئی ایس ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ وی کے سنگھ نے حکومت ہند کی ایئرپورٹ اتھارٹی کے ذریعہ طے شدہ معیار کو بیان کیا۔
اس کے بعد گیا ہوائی اڈہ کے ڈائریکٹر دلیپ کمار نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ بیرون ممالک سے آنے والے ہندوستانی باشندوں کی آمد کے دوران کی جانے والی تیاریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
کمشنر نے کہا کہ مسافروں کے سامان کو سینیٹائز کرنے کے لئے چلنے والی ٹرالی مشین پر ہی اسپرے لگاکر سینیٹائز کیا جائے۔ گیا ہوائی اڈے پر نجی گاڑیوں اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ ہوائی اڈے کے مین گیٹ پر بیریکیٹنگ لگائی جائے گی۔ اگر کسی شخص کو کسی محدود علاقے میں پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ’’ہوائی اڈے پر کسی بھی مسافر کے رشتہ دار یا گھر والوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔‘‘
دریاں اثناء ہوائی اڈہ کے ڈائریکٹر کو اس ساری صورتحال کے لیے ایئرپورٹ پر مشق (موک ڈرل) کرنے کی ہدایت کی گئی۔