نتی آیوگ کے ممبر(صحت) ڈاکٹر ونود کے پال نے منگل کو نئی دہلی میں وزارت صحت کی جانب سے منعقدہ ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ’’اگر نوجوان یہ سوچ کر رہنمایانہ اصولوں کی پیروی نہیں کرتے کہ صرف ایک خاص عمر کے لوگ ہی اس کی زد میں آ جاتے ہیں تو یہ خود غرضی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’نوجوانوں میں انفیکشن کے معاملے زیادہ ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ انفیکشن کو پھیلا رہے ہیں اور ایسی صورت میں ان کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ نوجوان خود اس سے کم تکلیف میں آتے ہیں لیکن اس کی وجہ سے دوسرے لوگ زیادہ تکلیف میں آجاتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ: ’’نوجوانوں کے سبب انفیکشن بڑھ رہا ہے تو انہیں کووڈ-19 سے متعلق رہنمایانہ اصولوں کی پیروی کی زیادہ ضرورت ہے۔ نوجوانوں کے پاس تو ذرائع بھی ہیں، انہیں ایک مثال بننا چاہیے۔ کورونا کے سبب بزرگوں کی شرح اموات زیادہ ہے کیونکہ وہ دیگر عارضوں میں بھی مبتلا ہوتے ہیں، خوش قسمتی سے نوجوان طبقہ دیگر عارضوں سے بچا ہوا ہے، جس کے سبب انہیں رہنمایانہ خطوط کی زیادہ پیروی کرنی چاہئے۔‘‘