ریاست اتر پردیش میں پولیس کی بربریت اور مسلمانوں کے ساتھ ساتھ نچلی ذات کے ہندو لوگوں کے خلاف ان کا رویہ اس بات کی دلیل ہے کہ اتر پردیش کی پولیس آر ایس ایس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے' یہ باتیں آج دارالحکومت دہلی کے پریس کلب آف انڈیا میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سامنے آئی۔
اس دوران رہائی منچ کے صدر محمد شعیب نے بتایا کہ جس طرح سے پولیس نے نچلی ذات کے ہندو بھائیوں کو گرفتار کیا وہ پولیس کی نیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وہیں سپریم کورٹ کے نامور وکیل پرشانت بھوشن نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ 'اتر پردیش پولیس کو یوگی حکومت کی جانب سے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھانے کا حکم دیا گیا ہے اس لیے پولیس احتجاج کر رہے مسلمانوں اور نچلی ذات کے ہندوؤں کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔'
معروف صحافی روہت بل نے بھی اتر پردیش حکومت کے ذریعہ اقلیتی برادری کے خلاف برتے گئے امتیازی سلوک کو افسوسناک قرار دیا۔