پرانی دہلی کے پہاڑی املی علاقہ میں رہائش پذیر ایک خاندان کو دہلی پولیس نے رات میں ہی نظر بند کر دیا، ہفتہ کی رات 8 بجے سے پولیس نے پہاڑی املی کی تنگ گلیوں میں گشت لگانا شروع کردیا تھا اور رات کے آخری پہر میں دہلی پولیس کے کچھ اعلیٰ افسران نے پرانی دہلی کے ایک معزز خاندان کو نظر بند کر دیا۔
دراصل دارالحکومت دہلی کے رام لیلا میدان میں وزیراعظم نریندر مودی کی ریلی ہونی تھی اور نظر بند کیے گیے خاندان کا بھارت کی سب سے پرانی سیاسی جماعت کے ساتھ گہرا تعلق رہا ہے۔ اس کے علاوہ سابق کونسلر محمود ضیاء نے وزیر اعظم کے خلاف احتجاج میں لوگوں سے اپنے بازو پر کالی پٹی اور اپنے گھروں کی چھت پر کالے جھنڈے لگانے کی بات کہی تھی جسے پولیس نے لگانے سے انکار کر دیا اور محمود ضیاء کے اہل خانہ کو نظر بند کر دیا۔
تقریباً 14 گھنٹوں تک پولیس کی نگرانی میں نظر بند رہنے والے محمود ضیاء کا کہنا ہے کہ 'انہیں پولیس نے نظر بند کرنے اور فون کا استعمال کرنے کے علاوہ کوئی دیگر پابندی نہیں لگائی۔'
وہیں سیتا رام بازار سے میونسپل کونسلر سیما طاہرہ نے بتایا کہ 'وہ ایک شادی میں گئی ہوئی تھیں، وہاں انہیں کئی فون کالز آئے جب وہ گھر پہنچی تو ان کے خاندان کو پولیس نظر بند کر چکی تھی۔'