ریاست اترپردیش میں کورونا وائرس متاثرین کی اب تک کل تعداد 227 ہے، جن میں سے ابھی اس وبا کی زد میں 206 لوگ ہیں، وہیں 19لوگ صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔ اور اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے بتا یا کہ'گوتم بودھ نگر میں کورونا مثبت کی تعداد 58 ہوچکی ہے جبکہ علاج کے بعد 8 مریضوں کو فارغ کردیا گیا ہے'۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوہاس ایل وائی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وبا کے خلاف لڑنے میں حکو مت اور انتظامیہ کا ساتھ دیں کیونکہ بغیر ساتھ دئے کسی بھی وبا سے ہم نہیں لڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے وبا کی روک تھام کے لئے سماجی دوری بے حد لازمی ہے اور اس دوری کا بنا نا ہم سب کے لیے لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ' اس تعلق سے افواہوں کا بھی بازار کافی گرم ہے لہذا ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ افواہ نہ پھیلائیں ورنہ سخت کاروائی کی جائے گی۔
گوتم بود نگر ڈی ایم سوہاس ایل وائی نے بتایا کہ کوڈ 19 ایک مہلک وبا ہے جسے ہم سماجی دوری کے ذریعے ہی دور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں بیٹھیں کہیں نہ جائیں محکمہ صحت، صفائی ستھرائی کے کارکن اس وبا کے خلاف میدان میں ہیں ان کا خیال رکھتے ہوئے آپ سب لوگ اپنا تعاون دیں تاکہ بھارت اس وبا سے چھٹکا را پا سکے۔
انہوں نے مزید اپیل کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ کوئی غلط افواہیں نہ پھیلائیں۔ اگر آپ کو کوئی معلومات موصول ہوتی ہیں تو پھر اس کی تصدیق کروائیں۔ کیونکہ اس تعلق سے لوگ بہت غفلت برتتے ہیں جس کی وجہ سے پورے معاشرے کو اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے۔
ڈی ایم نے سخت انتباہ دیا ایسے لوگوں پر انتظامیہ کی نظریں سخت ہیں جو افواہیں پھیل سکتے ہیں ضلعی مجسٹریٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس وبا میں تعاون کریں اور گھر پر رہیں۔