رابرٹ واڈرا، 12 سالہ جنسی زیادتی کی شکار بچی کی صحت جاننے کے لیے دہلی ایمس پہنچے لیکن انہیں وہاں ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے متاثرہ لڑکی کے والد کو ہسپتال سے فون کیا اور ان سے بچی کی صحت کے بارے میں بات کی۔ واڈرا نے ان سے ملنے کی گزارش کی تاکہ وہ مل کر پورے معاملے کو سمجھنے کے بعد ان کی مزید مدد کر سکیں۔
بچی کے والد نے واڈرا کو بتایا کہ انہیں نیچے جانے کی اجازت نہیں ہے لیکن کچھ دیر بعد وہ انہیں خود فون کریں گے اور نیچے آکر ان سے ملاقات کریں گے۔ واڈرا نے کہا کہ وہ ان سے دوبارہ ملنے آئیں گے۔ کوئی بھی انہیں ملنے سے نہیں روک سکتا ہے اور وہ ان کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ واڈرا نے بچی کے لیے دعا بھی کی اور جلد صحت یاب ہونے کی خواہش بھی کی۔
واڈرا نے کہا کہ وہ خود ایمس کیمپس میں ہیں۔ وہاں وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں متاثرہ بچی سے ملنے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے اور کیوں بچی کے والد کو بھی ان سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے۔ واڈرا کا کہنا تھا کہ وہ ان کا انتظار کریں گے اور تحقیقات کریں گے کہ آخر کیوں متاثرہ خاندان کی مدد کرنے سے انہیں روکا جا رہا ہے۔
آپ کو بتادیں کہ 7 اگست کو دہلی کے پیراگڑھی علاقے میں ایک 12 سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی اور اسے کینچی سے بری طرح زخمی کر دیا گیا تھا۔ اس کی تشویشناک حالت کے پیش نظر، اسے ایمس ٹروما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ تب سے ہی بچی کا علاج جاری ہے۔ اس وقت بچی کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹر اسے خطرے سے باہر بتا رہے ہیں۔