دہلی میں بھی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے عام لوگ معاشی طور پر پریشان ہیں۔ ایسے میں لوگ اپنے اپنے طریقے سے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ معروف پاور لفٹر گورو شرما سابقہ کی طرح اس بار بھی لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئے ہیں۔
عالمی چیمپیئن گورو شرما روزانہ ایک ہزار افراد میں کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔ حکومت کی گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے گورو شرما ضرورت مندووں کو کھانا پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال بہت خراب ہے جبکہ میں سڑک پر زندگی گذارنے والے غریب لوگوں کی مدد کررہا ہوں۔
انہوں نے دیگر افراد کو بھی غریبوں کی مدد کرنے کا مشورہ دیا۔ گورو نے مزید کہا کہ چاندنی چوک میں واقع مندر میں لوگوں کے لیے کھانا تیار کیا جارہا ہے جہاں کے وہ مہنت بھی ہیں۔ کچھ دوستوں اور کنبہ کے ممبروں کی مدد سے کم از کم ایک ہزار افراد کے لیے کھانا تیار کیا جارہا ہے۔
گورو نے انگلینڈ میں منعقدہ 2016 کے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں دو طلائی تمغے جیتے تھے۔ ابتدائی طور پر ویٹ لفٹر کی حیثیت سے کیریئر کا آغاز کرنے والے گورو بعد میں درونا چاریہ ایوارڈ یافتہ کوچ بھوپندر دھون کی رہنمائی میں پاور لفٹنگ کا رخ کیا تھا جبکہ اب وہ شوٹنگ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔