دہلی حکومت میں چیف سکریٹری وجے کمار دیو نے ریلوے بورڈ کے صدر سنیت شرما کو آج ایک خط لکھ کر کورونا انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے معاملات کے پیش نظر ریلوے سے میڈیکل کے پورے انتظامات سمیت کووڈ کوچوں کا ہنگامی صورت کے لئے انتظام کرنے کی اپیل کی تھی۔
ریلوے بورڈ کے صدر سنیت شرما نے اس خط پر فوری کارروائی کے لئے شمالی ریلوے کے جنرل منیجر آشوتوش گنگل کو بھیجا۔ آشوتوش گنگل نے شام کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'شکوربستی ریلوے اسٹیشن پر 50 کوچ تیار حالت میں تھے جنہیں دہلی حکومت کو سونپنے کے لئے خط بھیج دیا گیا ہے۔ فی کوچ 16 افراد کے حساب سے 800 بیڈز مہیا ہوں گے۔ فی کوچ دو آکسیجن سلنڈر بھی مہیا کرائے گئے ہیں۔ دہلی حکومت چاہے تو زیادہ آکسیجن سلنڈر مہیا کرا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'آنند وہار اسٹیشن پر ایک پلیٹ فارم پر 25 کوچ پیر کو لگا کر انہیں دہلی حکومت کو سونپ دیا جائے گا جس میں 400 بیڈز کی صلاحیت ہوگی۔ دہلی حکومت کے ذریعہ پانچ ہزار بستر کی صلاحیت کے لئے اپیل کئے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر جنرل منیجر نے کہا کہ 'فی الحال 1200 بیڈز کی صلاحیت سمیت 75 کوچ مہیا کرائے جارہے ہیں۔'
شمالی ریلوے مسلسل دہلی حکومت کے رابطے میں رہے گی اور ضرورت محسوس ہونے پر زیادہ کووڈ کوچ بھی مہیا کرائے جائیں گے۔ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو آنند وہار اسٹیشن سے گاڑیوں کی آمدو رفت کو دہلی کے کسی دیگر اسٹیشن پر منتقل کردیا جائےگا یا دیگر اسٹیشنوں پر کووڈ کوچ بھیجے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'گذشتہ سال شمالی ریلوے نے دہلی کے نو اسٹیشنوں پر آٹھ ہزار بستروں کی صلاحیت والے کووڈ کوچ مہیا کرائے تھے لیکن جون 2020 سے لے کر جنوری 2021 تک صرف 857 بیڈز کا استعمال ہوا تھا جن میں سے 92 مریضوں کو آگے کے علاج کے لئے اسپتال بھیجنا پڑا تھا۔'
ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'ریلوے کے کووڈ کیئر کوچ دراصل ہلکی علامات والے مریضوں کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں۔ جن مریضوں کو آئی سی یو اور آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے انہیں اسپتال ہی لے جانا ہوگا۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'ریلوے کووڈ کوچ کے ساتھ بنیادی سہولیات دے گا لیکن میڈیکل اسٹاف کا انتظام دہلی حکومت کو ہی کرنا ہوگا۔'
انہوں نے کہا کہ 'شمالی ریلوے کے پاس مختلف مقامات پر کل ملا کر 463 کووڈ کیئر کوچ ہیں۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی کے علاوہ انہیں ابھی تک کسی دیگر ریاستی حکومت کی جانب سے کووڈ کوچ مہیا کرانے کی اپیل موصول نہیں ہوئی ہے۔
دہلی کے چیف سکریٹری نے اپنے خط میں ریلوے بورڈ کے صدر سے اپیل کی تھی کہ' پچھلے سال کورونا کے قہر کے دوران ریلوے نے جس طرح سے کووڈ کوچ مہیا کرائے تھے،اسی طرح سے آنند وہار اور شکور بستی ریلوے اسٹیشنوں پر جتنی جلدی ممکن ہو، اتنا جلد اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں طبی اہلکار اور ضروری میڈیکل سپورٹ کے ساتھ کووڈ کوچ مہیا کرائیں۔ انہوں نے خط میں 5000 کووڈ بیڈز کی ضرورت ظاہر کی تھی۔