اسپیشل سیل کے ایک افسر نے بتایا کہ لال قلعہ تشدد معاملہ میں مطلوب منندر سنگھ کو منگل کی شام پیتم پورہ کے قریب گرفتار کیا گیا۔ سوروپ نگر کی سندھی کالونی میں اس کے گھر سے دو تلواریں بھی بر آمد ہوئی ہیں۔ منندر اے سی کار میکینک کی حیثیت سے کام کرتا ہے اور اپنے گھر کے قریب خالی پلاٹ میں تلوار چلانے کی ٹریننگ کا ایک اسکول چلاتا ہے۔
اس سے قبل لال قلعہ تشدد معاملہ میں اداکار دیپ سدھو، سکھ دیو اور اقبال سنگھ گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ پولیس نے دیپ سدھو، جگراج سنگھ، گرجوت سنگھ اور گرجنت سنگھ کے بارے میں معلومات دینے والوں کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ پولیس نے جگبیر سنگھ، بوٹا سنگھ، سکھدیو سنگھ اور اقبال سنگھ کے بارے میں معلومات دینے والوں کو 50،000 روپے نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں؛ راج دیپ کے خلاف از خود نوٹس کا معاملہ غلطی سے: سپریم کورٹ
خیال رہے کہ 26 جنوری کو کسانوں کی تنظیموں نے مرکز کے تینوں نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبے کی حمایت میں ایک ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی اور اس دوران کسانوں اور پولیس کے مابین پرتشدد جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اس دوران کچھ مظاہرین لال قلعے پر پہنچ گئے اور وہاں تاریخی عمارت کی فصیل پر کسان تنظیم اور مذہبی جھنڈے لگا دیئے تھے۔
26 جنوری کو پولیس نے تشدد کیس میں 44 رپورٹ درج کیے ہیں اور اب تک 143 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔