جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں واقع مرکزی یونیورسٹی ہے۔ ملک کی 25 مرکزی یونیورسٹیز کی فہرست میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ رینکنگ آوٹلک آئی کیر انڈیا یونیورسٹیز 2019 نے جاری کی ہے۔
اس فہرست پر سب سے پہلے مقام پر دہلی یونیورسٹی نے اپنا قبضہ جمایا ہے جبکہ دوسرے پائیدان پر بنارس ہندو یونیورسٹی قابض ہے۔
اسی فہرست میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس مہرست میں جامعہ تیسرے، جواہر لال نہرو یونیورسٹی چوتھے، حیدرآباد مرکزی یونیورسٹی پانچویں اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی چھٹے پائیدان پر ہے۔
قابل ذکر ہے جامعہ ملیہ اسلامیہ مسلسل اپنی بہترین کارکردگی اور منفرد انداز کی وجہ سے بہتر مقام حاصل کر رہی ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پبلک ریلیشن آفیسر احمد عظیم نے بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ جامعہ اسی طرح بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے پائیدان پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو۔ اسی سمت میں جامعہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے گذشتہ کچھ ماہ کئی اقدامات کئے ہیں۔