دہلی کے دھولا کنواں میں تصادم کے بعد اسپیشل سیل نے داعش کے ایک مشتبہ شدت پسند کو گرفتار کیا ہے۔ اس دوران دونوں اطراف سے لگ بھگ آٹھ گولیاں چلائی گئیں۔ پولیس نے گرفتار شدت پسند سے آئی ای ڈی (دھماکہ خیز مادہ) برآمد کر لیا ہے۔ اسپیشل سیل کی ٹیم مشتبہ شدت پسند سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور اس کے مقصد کو جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔
ڈی سی پی پرمود کشواہا کے مطابق خصوصی سیل کی ٹیم گذشتہ کچھ روز سے مشتبہ شدت پسندوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کر رہی تھی۔ یومِ آزادی پر حملے کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپیشل سیل کی ٹیم مسلسل چوکس تھی۔ اسے اطلاع ملی کہ داعش کا مشتبہ شدت پسند دھولا کنواں آئے گا۔ یہاں سے وہ رنگ روڈ کے راستے کرول باغ کی طرف جائے گا۔ اس اطلاع پر اسپیشل سیل کی ٹیم نے دھولا کنواں کے قریب جال بچھایا۔
جب پہلے سے تعینات پولیس ٹیم نے مشتبہ شدت پسند کو دیکھا تو انہوں نے اسے ہتھیار ڈالنے کو کہا لیکن اس نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی گولی چلائی اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران اس سے بم بنانے کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔ فی الحال خصوصی سیل اپنے دفتر میں اس سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے۔