لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے کا اعلان مرکزی حکومت نے کردیا ہے۔ ایسی صورتحال میں کیجریوال حکومت کے صرف دعوے نظر آرہے ہیں، جس میں وہ ہر غریب اور نادار کی مدد کرنے کی بات کررہے تھے۔
تقریبا 200 مزدور جنوبی دہلی کے ستبری علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ حکومت کی ان مزدوروں کی طرف کوئی توجہ نہیں ہے۔ یہ لوگ ٹھیکیدار سے قرض لے کر اپنی اور اپنے کنبوں کی دیکھ بھال کرنے پر مجبور ہیں۔
چھتر پور خطے کے ستبری میں مختلف ریاستوں سے آئے تقریبا 200 مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔ جب ای ٹی وی بھارت کی ٹیم ان تک پہنچی تو ان کے درد کو جانا۔ ان لوگوں نے بتایا کہ وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گاؤں واپس نہیں جاسکتے ہیں اور دوسری طرف ان کے پاس کھانے کا راشن نہیں ہے۔
وہ سارے مزدور ٹھیکیدار سے قرض لے کر کھانے پر مجبور ہیں۔ مزدوروں نے بتایا کہ ٹھیکیدار ابھی بھی کچھ راشن دے رہا ہے۔ لیکن لاک ڈاؤن کے بعد وہ ان سے روزانہ کی اجرت کے طور پر اس کی وصولی بھی کرے گا۔ تمام مزدوروں نے حکومت سے مدد کی درخواست کی ہے۔