نئی دہلی: کورونا کے کم ہوتے ہی کسانوں نے ایک دفعہ پھر بھاری تعداد میں غازی پور بارڈر پہنچ کر اپنی طاقت دکھانی شروع کر دی ہے۔ آج 26 جون کو کسان ملک بھر میں گورنر سے مل کر میمورنڈم پیش کریں گے۔ بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ ہر ماہ میں 26 تاریخ آتی ہے اور جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے، کسان کچھ نہ کچھ بڑے پروگرام کا انعقاد کریں گے۔
بھارتیہ کسان یونین کے قومی صدر چودھری نریش ٹکیت نے کہا کہ حکومت ضدی ہے۔ سات مہینوں سے پورے ملک کے کسان سڑکوں پر ہیں اور حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف گونگی بہری حکومت ہی یہ کام کر سکتی ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے سپریمو نے کہا کہ 10 فیصد لوگ منمانی کرکے 90 فیصد لوگوں کو نظرانداز نہیں کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر زراعت اگر وزیر زراعت ہوتے تو کسانوں کا معاملہ بہت پہلے ہی حل ہو جاتا۔ اس حکومت میں وزراء کو کوئی اختیار نہیں دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیلٹا پلس ویرِیئنٹ: مرکز کی جانب سے 8 ریاستوں کو فوری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت
غور طلب ہے کہ کسان نئے زرعی قوانین کے خلاف ایک طویل عرصے سے دہلی کی دہلیز پر بیٹھے ہیں۔ 26 نومبر سے شروع ہونے والی اس کسان تحریک کو سات ماہ مکمل ہوگئے ہیں۔ ہفتے کے روز تحریک آٹھویں مہینے میں داخل ہوگئی ہے۔ سات ماہ کی تکمیل پر، کسان ہفتہ کو تمام ریاستوں کے گورنرس کو صدر کے نام ایک میمورنڈم پیش کریں گے۔
وہیں گزشتہ سات ماہ سے بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت کی سربراہی میں غازی پور بارڈر پر زرعی قوانین کے خلاف تحریک چل رہی ہے۔ نریش ٹکیت نے بتایا کہ ٹریکٹر مارچ سہارنپور اور مظفر نگر اضلاع کی سرحد پر آگیا ہے۔ دوسرے اضلاع سے ٹریکٹر مارچ بھی غازی پور بارڈر پہنچیں گے۔