نظام الدین مرکز Nizamuddin Markaz کی جامع مسجد میں مارچ 2020 میں کووڈ 19 وبائی امراض کے درمیان تبلیغی جماعت کا اجتماع ہوا تھا اور اس کے بعد سے کووڈ کی مبینہ خلاف ورزی پر تالا لگا دیا گیا تھا۔
نظام الدین مرکز میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے پروگرام اور وبائی امراض سے متاثرہ لاک ڈاؤن کے دوران وہاں غیر ملکیوں کے قیام کے سلسلے میں وبائی امراض ایکٹ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ، فارنرز ایکٹ اور تعزیرات کی مختلف دفعات کے تحت کئی ایف آئی آر درج کی گئیں تھی۔
اس سال 15 مارچ کو پولیس نے دہلی وقف بورڈ کی درخواست پر شب برات کے پیش نظر عمارت کو عبادت کے لیے دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی۔ پولیس (ایس ایچ او نظام الدین) نے کچھ شرائط عائد کی تھیں، جن میں سے ایک، تعداد کو 100 سے کم تک محدود کرنا بھی شامل تھا۔
عقیدت مندوں کی تعداد کو محدود کرنے کے پیچھے دلیل پر سوال اٹھاتے ہوئے، جسٹس منوج کمار اوہری نے کہا، " کیا لوگوں کی تعداد پر کوئی پابندی لگائی گئی ہے؟ تعداد پر پابندی کا حکم کہاں ہے؟ جب مرکز کے ذمہ داران اس بات کا وعدہ کر رہے ہیں کہ وہ کووڈ پروٹوکول کی رہنما ہدایات پر عمل کریں گے تو انہیں اجازت دیجیے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا، "اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عقیدت مندوں کو ایک خاص منزل پر، کووڈ پروٹوکول اور سماجی دوری کی اجازت دی جائے، عدالت نے بنگلے والی مسجد کو دوبارہ کھولنے میں بورڈ کی درخواست پر اجازت دیتے ہوئے پولیس کی طرف سے عائد کی گئی کچھ شرائط میں بھی ترمیم کی۔
ایک حالیہ حلف نامے میں مرکزی حکومت نے نظام الدین مرکز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ آنے والے مذہبی مواقع پر چند لوگوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
11 مارچ کو دہلی ہائی کورٹ نے مرکز سے کہا کہ وہ اپنا موقف واضح کرے کہ اسے نظام الدین مرکز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے پر کیا اعتراض ہے۔