رام ویر سنگھ بدھوڑی نے کہا کہ حکومت اپنے مطالبات پر بھوک ہڑتال کرنے والے طلبا سے بات کرے اور انجینئرنگ کالج میں نئے داخلے شروع کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جی بی پنت انجینئرنگ کالج واحد ایسا کالج ہے جہاں طلبا صرف 40000 روپے کی فیس ادا کرکے انجینئرنگ کی ڈگری لیتے ہیں جبکہ دوسرے اداروں میں انہیں اسی کورس کے لئے لاکھوں روپے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ جنوبی دہلی میں طلبا کے لئے یہ واحد سرکاری انجینئرنگ کالج ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیجریوال حکومت کو احتجاج کرنے والے طلبا سے بات چیت کرنی چاہئے اور ان کے مطالبے کے مطابق اس کالج کو بھی کونسلنگ میں شامل کریں اور نئے سیمسٹر میں طلبا کا داخلہ شروع کریں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کیجریوال حکومت نے اپنے چھ سالہ دور اقتدار میں دہلی میں ایک بھی کالج نہیں کھولا، جبکہ 20 نئے کالج کھولنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ایسی صورتحال میں موجودہ کالج کو بند کرنے کی کوشش ہر گز برداشت نہیں کی جاسکتی۔