دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر پیر کے روز ’’دیکھو میری دہلی‘‘ نامی ایک موبائل ایپ کو لانچ کیا، جس میں دہلی کی سیاحت سے متعلق تمام تر معلومات دستیاب ہیں۔
افتتاح کے موقع پر اروند کیجریوال نے کہا کہ آج دہلی دنیا کے ان چند شہروں میں شامل ہوگئی ہے، جہاں سیاحت سے متعلق ایک ایپ بنایا گیا ہے۔ جس کی مدد سے آپ اپنے ارد گرد واقع تاریخی اور تفریحی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرکے وہاں جاسکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’اس سے دہلی کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: کتاب’’ وی پی سنگھ، چندرشیکھر، سونیا گاندھی اور میں‘‘ میں کئی پوشیدہ سیاسی پہلو
وزیر اعلیٰ نے ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس میں آپ کو بہت سی چیزیں ملیں گی، جنہیں آپ دہلی میں رہ کر بھی ابھی تک دیکھ نہیں پائیں ہیں۔‘‘
کیجریوال نے ایپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوام سے تجاویز پیش کرنے کی بھی اپیل کی ’’تاکہ دہلی کے اندر ہر سیاح کا تجربہ مزید بہتر ہو سکے۔‘‘