دہلی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما رامویر سنگھ بدھوڑی نے 169 دن کے طویل وقفے کے بعد پیر سے دہلی میٹرو سروس دوبارہ شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے لئے مرکزی وزیر برائے شہری امور ہردیپ سنگھ پوری اور لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کا شکریہ ادا کیا۔
بدھوڑی نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا کہ 26 اگست کو انہوں نے دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا کے ساتھ ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر پوری سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی تھی کہ دہلی میٹرو سروس کو فوری طور پر شروع کیا جانا چاہئے کیونکہ دہلی میں بسوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر پبلک ٹرانسپورٹ سروس پر انحصار کرنے والے مسافروں کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح لیفٹیننٹ گورنر نے بھی درخواست کی تھی کہ مسافروں کی پریشانیوں کے پیش نظر میٹرو سروس کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ دہلی کی عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے میٹرو کو چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 'یہ بہت اچھی بات ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر میٹرو میں جانچ اور سیکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔'