عدالت نے ای ڈی کو ہدایت دی ہے کہ پہلے وہ ڈی کے شیو کمار کی صحت کو اہمیت دیں، اس کے بعد ان سے پوچھ تاچھ کی جائے۔ عدالت نے ای ڈی کو شیو کمار کی ضمانت عرضی پر جواب داخل کرنے کا بھی حکم دیا۔
سماعت کے دوران ای ڈی نے ڈی کے شیو کمار کی مزید پانچ روز کی حراست کی مانگ کی۔ ای ڈی نے کہا کہ 'پوچھ گچھ کے دوران ڈی کے شیو کمار نے صحیح جواب نہیں دیے۔'
ای ڈی نے ڈی کے شیو کمار کی حراست میں توسیع کے مطالبے میں دلیل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 'وہ اپنے ڈپوزٹ کا ذریعہ نہیں بتا سکے۔ ان کی کئی جائیداد بے نامی ہیں۔ ان کے خاندان کے اراکین کے کھاتے بھی ای ڈی کی نظر میں آئے ہیں۔'
ای ڈی کی جانب سے اے ایس جی کے ایم نٹراجن نے کہا کہ 'ای ڈی نے کئی دستاویز جمع کیے ہیں جنہیں ڈی کے شیو کمار کو دکھا کر پوچھ گچھ کرنی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ڈی کے شیوکمار نے کئی ایسے سچ چھپائے ہیں جن کے بارے میں صرف وہی جانتے ہیں۔'
اس پر عدالت نے پوچھا کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ وہ اگلے پانچ دنوں میں جواب دیں گے۔ تب نٹراجن نے کہا کہ کچھ اور دستاویز ہیں جن کو دکھا کر ان سے پوچھ گچھ کرنی ہے۔
خیال رہے کہ تین ستمبر کو ای ڈی نے ڈی کے شیو کمار کو گرفتار کیا تھا۔ سماعت کے دوران نٹراجن نے کہا تھا کہ ڈی کے شیو کمار کے قبضے سے 44 کروڑ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔