دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی مہلک وبا کے سبب مرنے والوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جبکہ مریضوں اور ان کے درپیش مسائل کے تعلق سے شائع ہونے والی خبروں نے بڑوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچوں تک کو متاثر کیا ہے۔
مریضوں کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے شمال مشرقی دہلی کے برہم پوری علاقے کے رہنے والے ایک کنبہ کے بچوں نے یہ طے کیا ہے کہ 'انہیں جو بھی عیدی ملے گی وہ اس رقم کو کووڈ مریضوں کے علاج کے لئے عطیہ کریں گے' حالانکہ انہیں ملنے والی عیدی کی رقم زیادہ نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے دل میں پیدا ہونے والے اس جذبہ کو سلام ہے۔
معصوم بچے اپنے کھیل خود اور کھانے پینے کی بات کرتے ہیں، تب برہم پوری کے یہ بچے اپنی عیدی کو کورونا مریضوں کے علاج کے لیے عطیہ کرنا چاہتے ہیں، برہم پوری میں رہنے والے سیف الدین، محمد فائز، جزا بشیر، شعیب، عبد الرفیع عبد الصمد نے اپنی عیدی پہلے ہی گھر والوں سے مانگ لی ہے اور اس کو ایک جگہ جمع کردیا۔
ان بچوں کے قابل احترام جذبہ کے سبب ان کے اہل خانہ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اب اس عیدی کو سیلم پور کے ایس ڈی ایم اجے اروڑہ کو سونپی گئی ہے جس میں انہوں نے اپنی جانب سے عیدی کی رقم کے مطابق پیسے ملا کر نند نگری بس ڈپو میں میں قائم آکسیجن ریفیلنگ سینٹر میں دیں گے، جہاں سے لوگ مفت میں آکسیجن ریفلینگ کرا سکیں گے، ان بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ 'جس طرح کی خبریں روزانہ آ رہی ہیں اس سے ان بچوں کا دل مایوس ہے'۔
اسی لیے ان بچوں نے کہا کہ 'ہمیں ہماری عیدی پہلے ہی دے دیں تاکہ ہم مریضوں کی مدد کر سکیں، ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہم نے عیدی زیادہ دیے ہیں، تاکہ اس نیک پہل میں ضرورتمند افراد کی مدد ہو سکے'۔