دارالحکومت دہلی میں کورونا کے انفیکشن میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے لیکن کورونا پر سیاست ضرور ہورہی ہے۔
دہلی پردیش بی جے پی نے عآپ پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا پر کنٹرول پانے میں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال اور ان کی حکومت ناکام ثابت ہورہی ہے اور عام لوگوں کی مدد بھی نہیں ہو پارہی ہے اس لیے دہلی کے وزیراعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
دہلی پردیش بی جے پی کے جنرل سکریٹری راجیش بھاٹیہ کی سربراہی میں راجندر نگر اور پٹیل نگر اسمبلی میں بی جے پی کارکنوں نے کیجریوال حکومت کے خلاف سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے کیجریوال حکومت کے خلاف خاموش مظاہرہ کیا۔
راجیش بھاٹیہ نے کہا کہ دہلی میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے لیکن کجریوال کے کورونا کے ساتھ جینے کے مشورے کے تحت دہلی کے باشندوں کو پینے کا پانی نہیں مل رہا ہے جبکہ بہت سے علاقے ابھی بھی پانی کے لیے ٹینکروں پر انحصار کرتے ہیں لیکن یہ ٹینکر نہیں آتا ہے۔
اسی دوران ریاستی بی جے پی کے رہنما اور کارکن دہلی کے 70 اسمبلی حلقوں کے مختلف مقامات پر دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور موصولہ اطلاع کے مطابق راج گھاٹ مظاہرے کے لیے پہنچے ریاستی صدر منوج تیواری کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔