ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میوات میں ریڈ کراس سوسائٹی کے زیر اہتمام معذور افراد کے لیے دو روزہ پروگرام میں تقریباً ایک کروڑ روپئے کے ضروری کٹ تقسیم کیے گئے، دوروزہ پروگرام انجینئرز انڈیا لمیٹیڈ اور انڈین آئیل کے سی ایس آر اسکیم کے تحت ایلمکو کانپور کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔
میوات کے معذور افراد کے لیے سائیکل، ٹرائی سائیکل، موبائل، مصنوعی ہاتھ پیر تقسیم کیے جانے کی وجہ سے معذور افراد خوش تو تھے لیکن پڑھے لکھے معذور افراد ناخوش تھے، اس موقع پر بچھور گاؤں سے تعلق رکھنے والے معذور شخص نے ٹرائی سائکل حاصل کرنے کے بعد کہا کہ ’’میں کمپیوٹر انجنیئر ہوں، مجھے نوکری کی سخت ضرورت ہے، میں محض سائیکل سے مطمئن نہیں ہوں، اگر نوکری دی جاتی تو زیادہ بہتر ہوتا۔‘‘
دو روزہ پروگرام کی صدارت نوح کے ڈپٹی کمشنر دھریندر کھڑگٹا نے کی، اور آج کے اس اختتامی پروگرام میں سوہنا میوات کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی۔
اس موقع پر ریڈ کراس سوسائٹی کے سیکریٹری مہیش گپتا نے بتایا کہ آج نوح ضلع کے فیروزپورجھرکا اور پونہانہ حلقہ کے معذور افراد کے لیے کٹ تقسیم کیے گئے جبکہ نوح اور تاؤڈو حلقہ کے معذور افراد کے لیے کل سامان مہیا کرائے گئے تھے، انہوں نے مزید بتایا کہ جو لوگ رہ گئے ہیں وہ اپنے فارم فوری طور سے بھر سکتے ہیں انہیں بھی ایک ماہ کے اندر اندر سامان مہیا کرائے جائیں گے۔