ریاست ہماچل پردیش کے بلاسپور کے جھنڈوتا میں دھماکہ خیز مادہ کی شکار گائے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس ویڈیو میں گائے کے دونوں جبڑے کو شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
دراصل گاؤں کے کچھ نامعلوم افراد نے جنگلی جانوروں کا شکار کرنے کے لیے کھیتوں میں بارود رکھا تھا جس کی وجہ سے اس کا شکار گائے ہوگئی اور پولیس نے اس معاملے پر ایف آئی آر بھی درج کر لیا ہے۔
معاملہ درج ہونے کے بعد آج بلاسپور پولیس انتظامیہ اور ڈی ایس پی سنجے شرما موقع پر پہنچ کر وہاں پر موجود لوگوں کے بیانات بھی قلمبند کیے ہیں، اس کے علاوہ پولیس نے جائے حادثہ پر سے جانچ کے لیے کچھ نمونے بھی لیے ہیں، جن کو جانچ کے لیے ایف ایس ایل لیب میں بھیجا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ کافی حساس ہے اور تفتیش کے بعد جو بھی شخص مجرم پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ حادثہ 25 مئی کو پیش آیا تھا جس کے بعد پولیس نے 26 مئی کو ہی ایف آئی آر بھی درج کر لی تھی لیکن پولیس انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد تحقیقات میں تاخیر کیوں کی گئی لیکن یہ معاملہ جب محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کے علم میں آیا تو انھوں نے فوری طور پر تفتیش کے احکامات بلاسپور پولیس کو دیا ہے۔
بلاس پور کے ڈی ایس پی سنجے شرما نے بتایا کہ پولیس نے دفعہ 286 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش جاری ہے
واضح رہے کہ ایسا ہی ایک معاملہ کیرالہ میں بھی پیش آچکا ہے جس میں ایک حاملہ ہتھنی کی موت ہوگئی تھی۔