ریاست مدھیہ پردیش کے دیگر حصوں کے ساتھ ہی دارالحکومت بھوپال میں بھی کورونا انفیکشن کا قہر جاری ہے۔ ایسے میں حکومت اور انتظامیہ کے ذریعہ ٹیکہ کاری پر زور دیا جا رہا ہے۔
یکم اپریل سے 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسینیشن دیا جارہا ہے، اسی کڑی میں دارالحکومت بھوپال کی عظیم الشان تاج المساجد میں آج ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ہسپتالوں کی لمبی قطاروں سے بچانے اور شہر کے قلب میں ویکسینیشن سہولت دستیاب کرانے کی غرض سے تاج المساجد میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
ایس ڈی ایم جمیل خان کے زیر نگرانی لگائے گئے اس کیمپ میں پرانے شہر کے ساجدہ نگر، شہید نگر، نعمت پورہ، شاہجہاں آباد، رائل مارکیٹ، امامی گیٹ، پیر گیٹ، نور محل اور اور کئی علاقوں کے لوگوں کو ویکسینیشن دینے کی تیاری کی گئی ہے۔ لوگوں تک اس بابت اطلاع پہنچانے کے لیے متعلقہ علاقوں میں اعلان کروائے جارہے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے بھی لوگوں کو اس کی اطلاع دی گئی، ساتھ ہی مسجدوں میں بھی اعلان کرایا گیا۔
واضح رہے کہ ویکسینیشن کے تعلق سے مسلم طبقے میں تشویش پائی جائی رہی تھی، جس کے تعلق سے وقف بورڈ کے سی ای او اور ایس ڈی ایم جمیل خان نے شہر مفتی سے اس پر فتویٰ مانگا تھا۔ شہر مفتی ابوالکلام نے اس پر فتویٰ دیا تھا کہ'اگر کوئی بیماری آپ کی صحت پر اثر کرتی ہے تو اس کے لیے بچاؤ ضروری ہے کہ ٹیکہ لگوائیں، مذہب اسلام اس چیز کی اجازت دیتا ہے۔ اس معلومات کے بعد ہی ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔