مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع کے سنگولی تھانہ علاقے میں دل دہلا دینے والی تصویر سامنے آئی ہے، جہاں کچھ لوگ ایک آدیواسی نوجوان کو گاڑی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا اور شدید پیٹائی کی۔ اس واردات کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہوں کہ آدی واسی کو سڑک پر گھسیٹنے اور پیٹنے کے بعد ملزمین نے 100 نمبر ڈائل کر کے اس کی خبر دی کہ انہوں نے چور کو پکڑا ہے۔ موقع پر سنگولی پولیس پہنچی اور زخمی کو نیمچ ضلع ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا، جہاں اس کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔
اس معاملے میں ملزمین نے بربریت کا ویڈیو بھی خود ہی بنایا اور وائرل کر دیا۔ پولیس نے اس پورے معاملے کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ جن لوگوں نے ویڈیو بنایا ہے، انہی لوگوں نے آدیواسی نوجوان کی بُری طرح پیٹائی کر کے گاڑی کے پیچھے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا تھا۔
وائرل ویڈیو سامنے آتے ہی پولیس محکمہ میں افراتفری مچ گئی اور ضلع پولیس کپتان نے کارروائی کرتے ہوئے اس معاملے میں 8 لوگوں کے خلاف قتل اور ایٹروسیٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے بعد کلیدی ملزم مہیندر ولدیت گجر کو گرفتار کیا گیا۔ معاملے میں ملزم مہندر گجر کی اہلیہ باندا سے سرپنچ ہے۔
جانکاری کے مطابق 45 سالہ مقتول کانہہ بھیل باندا کا رہنے والا تھا، جسے چور سمجھ کر وہاں سے گزر رہے کچھ لوگوں نے پکڑ لیا اور مارپیٹ کرنے لگے۔ اس کے کچھ دیر بعد لوگ جمع ہو گئے اور کنیہا کے ساتھ مارپیٹ کی۔ سچ اگلوانے کے لئے ایک گاڑی کے پیچھے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا۔ ویڈیو میں دیکھائی دے رہا ہے کہ کنہیا ہاتھ پیر جوڑ کر ملزمین سے بول رہا ہے کہ اس نے کچھ نہیں کیا لیکن مارپیٹ کرنے والوں نے اس کی ایک نہ سنی۔
مزید پڑھیں: کرنال میں کسانوں پرلاٹھی چارج، راکیش ٹکیٹ نے مزمت کی
ایس پی سورج کمار ورما نے بتایا کہ ’’واقعہ کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے 8 ملزمین کی نشاندہی کی ہے جس میں سے 4 کو راؤنڈاپ کیا گیا۔ پولیس نے اُس پک اپ گاڑی کو بھی ضبط کر لیا جس کا استعمال کیا گیا تھا۔ ملزمین میں باندا کے سرپنچ کا شوہر بھی شامل ہے جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فرار ملزموں کی تلاش جاری ہے‘‘۔
اس دردناک واقعے کے بعد سابق وزیراعلی کمل ناتھ نے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے حکومت پر سوال اٹھائے ہیں۔
مدھیہ پردیش میں اس طرح کا کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے، بلکہ ایک مہینہ کے اندر کئی معاملے سامنے آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: Mob Attack: دیواس میں بھی اندور جیسا ہجومی تشدد کا واقعہ
کچھ دن قبل ایک مسلم چوڑی فروخت کرنے والوں کی اندور میں ہجومی بھیڑ نے جم کر پیٹائی کی تھی، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے تشدد کے کلیدی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ وہیں، پولیس نے متاثرہ لڑکے پر بھی پاسکو ایکٹ، چھیڑ چھاڑ اور 420 سمیت 9 دفعات میں معاملات درج کیے ہیں۔
اس کے علاوہ دیواس ضلع کے ہاٹ پپیلیا تھانہ حلقہ میں ایک بزرگ شخص کی آدھار کارڈ نہ دکھانے پر پیٹائی کی گئی تھی۔ اس وقت وہ سڑک پر ٹوسٹ فروخت کر رہے تھے۔