مدھیہ پردیش کی دار الحکومت بھوپال میں مذہبی رہنماؤں اور انتظامیہ کی درخواست قبول کرتے ہوئے مسلمانوں نے اپنے گھروں میں رہ کر ہی عید (نفل، چاشت) کی نماز پڑھی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے مقصد سے کیے جانے والے منصوبوں کے سبب عید اس بار حسب روایت نہ مناتے ہوئے سماجی فاصلے اور دیگر پروٹوکال کا لحاظ رکھتے ہوئے منائی گئی۔ ایک دوسرے کو تمام افراد سوشل میڈیا کی وساطت سے مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے عید کی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے سبھی کو مبارکباد پیش کی۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اندور شہر میں بھی عید سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے منائی گئی۔ عید گاہوں اور مساجد میں لوگ اجتماعی طور جمع نہیں ہوئے بلکہ گھروں میں رہ کر ہی عبادت کی۔ کم و بیش یہ اطلاعات اجین اور مغربی حصے کے کورونا سے متاثرہ دیگر اضلاع کے علاوہ ریاست کے باقی علاقوں سے بھی ملی ہیں۔
پولیس انتظامیہ بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر کسی سے گھروں پر ہی رہ کر عید منانے کی مسلسل اپیل کی جا رہی ہے۔