لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور اور طلبہ ملک کی مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کیرالہ سے لگ بھگ 60 طلبہ بھوپال میں پھنسے تھے، تمام تر کوششوں کے باوجود یہ طالب علم اپنے گھروں کو واپس نہیں جاپارہے تھے۔ ایسی صورتحال میں طلبہ نے راہل گاندھی سے مدد مانگی۔ جس کے بعد راہل گاندھی کی ہدایت پر مدھیہ پردیش کانگریس کے قائم مقام صدر جیتو پٹواری اور کانگریس کے رکن اسمبلی کنال چودھری نے طلبا کو ان کے گھر روانہ کیا۔
راہل گاندھی نے جیتو پٹواری سے طلبہ سے رابطہ کرنے کو کہا جس کے بعد جیتو پٹواری اور ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر کنال چودھری نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھوپال میں پھنسے ہوئے طلبہ کے لئے بس کا انتظام کیا۔
اس دوران جیتو پٹواری اور کنال چودھری نے 25 سے زائد طلبہ کی پہلی کھیپ کو بھوپال سے کیرالہ والی بس کو روانہ کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ جلد ہی وہ باقی طلبہ کو دوسری بس سے ان کے گھر واپس پہنچائیں گے۔
کنال چودھری نے بتایا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق سی ایم کمل ناتھ نے پارٹی کے تمام رہنماؤں کو پہلے ہی ہدایت کی تھی کہ وہ لوگوں کو ان کی ریاستوں سے گھروں تک پہنچانے کا کام اٹھائیں۔ اسی تناظر میں جب راہل گاندھی کے دفتر سے ان بچوں کے بارے میں معلومات ملی تو جیتو پٹواری کے ساتھ ان بچوں کو ان کے گھر پہنچانے کی ذمہ داری نبھائی۔
تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کنال چودھری یا جیتو پٹواری نے ایسا کام کیا ہے، ماضی میں کنال چودھری نے راجستھان کے بھلواڑہ میں پھنسے کالاپیپل اور ستنا سمیت دیگر اضلاع کے مزدوروں کو واپس لانے کے لئے کام کیا ہے۔