کانگریس کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی حکومت نے بغیر کسی وجہ کے مجھے پریشان کیا، کیونکہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ابھی تک بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایسا کوئی بھی کام نہیں کیا ہے، جس سے ہم ان کی تعریف کرسکیں، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت صرف وعدے کرتی ہے لیکن انہیں کبھی پورا نہیں کرتی۔'
ریاست میں وقف جائیداد کے متعلق کانگریس کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا کہ وقف جائیداد پر قبضہ کے متعلق ہم نے بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت میں ہی نہیں بلکہ کانگریس کی حکومت کے وقت میں بھی آواز بلند کی تھی لیکن افسوس کی بات ہے کہ وقف جائیداد کا تحفظ نہیں ہوپا رہا ہے، بھوپال میں ہی نہیں بلکہ ریاست کے قبرستانوں پر ناجائز قبضے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ وقف جائیدادوں کو لے کر کوئی نہ کوئی نئے مسائل پیش آتے رہتے ہیں، حال ہی میں بھوپال کی قدیم عیدگاہ کی پارکنگ پر مقامی لوگوں کے قبضہ کرنے سے جب منع کیا گیا تو وہاں بھی تنازع جیسی صورت پیدا ہوگئی اور انھیں مسائل اور تنازع کو ختم کرنے کے لیے ہم نے مسلسل آواز بلند کی ہے۔
رکن اسمبلی نے مہنگائی کے متعلق کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی سے پریشان ہو رہے ہیں اور ہم نے اس کے خلاف مسلسل احتجاج بھی کیا۔ ریاستی اسمبلی اجلاس میں کانگریس کے رکن اسمبلی نے سائیکل سے اسمبلی پہنچ کر مہنگائی کے خلاف اسمبلی سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔