ریاست مدھیہ پردیش کے گورنر لالجی ٹنڈن نے کورونا وائرس کے متعلق لوگوں سے کہا کہ یہ ایک ایسی وبا ہے جو سماجی رابطہ قائم کرنے سے پھیلتی ہے اس لیے ہمیں اس وبا سے نمٹنے کے لیے سماجی دوری بنانی ہوگی، صوبے کے تمام لوگوں سے میں اپیل کرتا ہوں کہ وہ صبر کے ساتھ اپنے گھروں میں رہنے کی کوشش کریں اور جنتا کرفیو پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا لوگ ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی روایت رہی ہے کہ ہم کسی سے ملتے ہیں تو ان سے ہاتھ ملاتے ہیں یا گلے ملتے ہیں لیکن ابھی ایسا کرنے سے بیماری پھیل سکتی ہے تو جہاں تک ہوسکے خود کو سماجی رابطے سے دوری بنائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وائرس سے ہمیں گھبرانا نہیں ہے بلکہ اس کا مقابلہ کرنا ہے، اس طرح سے ہم خود کو بچاتے ہیں تو ملک کو بھی بچاتے ہیں۔
واضح رہے کہ چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں اب تک دنیا کے 180 سے زائد ملک آ چکے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس کے اب تک 258 کیس سامنے آ چکے ہیں اور چار لوگوں کی وفات بھی ہوچکی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے درمیان اسے عالمی وبا قرار دیا ہے۔