بھوپال: مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ایل مرگن نے آج یہاں مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے بی جے پی کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ اس نشست سے ان کی جیت تقریبا یقینی ہے۔
مرگن نے راجیہ سبھا ضمنی انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی رٹرننگ افسر اور قانون ساز اسمبلی کے پرنسپل سکریٹری اے پی سنگھ کے سامنے یہاں ودھان سبھا احاطے میں داخل کیے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی بی جے پی صدر وشنو دت شرما، مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل، پارلیمانی امور کے وزیر نروتم مشرا، شہری ترقیات اور ہاؤسنگ کے وزیر بھوپندر سنگھ اور دیگر بی جے پی لیڈر بھی موجود تھے۔
اصل میں تمل ناڈو سے اور شیڈولڈ کاسٹ کی نمائندگی کر نے والے مسٹر مرگن جہاز کے ذریعے یہاں پہنچے۔ ریسٹ ہاؤس میں کچھ عرصہ قیام کے بعد وہ ریاستی بی جے پی ہیڈ کوارٹر پہنچے اور وہاں سے براہ راست اسمبلی کی عمارت پہنچے اورکاغذات نامزدگی داخل کیے۔
مزید پڑھیں: بی جے پی رکن پارلیمان کی بہن کی عاشق کے ساتھ شادی
عزیز قریشی کی ہائی کورٹ میں درخواست دائر
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مرگن نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا۔ انہوں نے بھوپال پہنچنے پر شیوراج سنگھ چوہان ، وشنودت شرما اور بی جے پی لیڈروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں بہت پیاراور عزت دی۔
(یو این آئی)