معروف مورخ آر ایل شکل کا آج صبح یہاں ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 82 برس کے تھے اور کچھ دنوں سے ان کی طبعیت ناساز تھی۔
ان کے کنبے میں اہلیہ کے علاوہ بیٹے پنکج راگ ہیں جو مدھیہ پردیش میں سکریٹری سطح کے سینئر افسر ہیں۔ ان کے بھائی پی کے شکل بھی مشہور مورخ ہیں اور وہ ہندوستانی تاریخی تحقیقی کونسل کے سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔
18 جنوری 1938 کو بہار کے ویشالی ضلع کے پاناپور گاؤں میں پیدا ہوئے مسٹر آر ایل شکل کا پورا نام رام لکھن شکل تھا۔ انہوں نے پٹنہ یونیورسٹی سے تاریخ میں ایم اے اور پی ایچ ڈی کی تھی۔ ان کی گنتی جدید ہندوستان کے اہم مورخوں میں ہوتی تھی۔وہ 1974 میں دہلی یونیورسٹی میں تاریخ کے شعبہ میں مقرر تھے اور 1998 میں صدر کے عہدے سے ریٹائر ہوکر تصنیف کا کام کررہے تھے۔
بہار کے تین بڑے مورخ رام شرن شرما ،ڈی این جھا اور آر ایل شکل ستر کی دہائی میں دہلی یونیورسٹی میں مقرر ہوئے تھے۔ تاریخ کی تصنیف میں ان تینوں کی تکڑی مشہور تھی۔
مسٹر شکل کے بھائی پرشانت شکل نے یو این آئی کو بتایا کہ ان کی آخری رسومات شام ساڑھے چار بجے نگم بودھ گھاٹ پر ادا ہوں گی۔