بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیدا ہو رہے اقتصادی بحران کو لے کر وزیر رابطہ عامہ پی سی شرما نے مرکز کی مودی حکومت اور شیوراج سنگھ چوہان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فائنس کمیشن میں 10 فیصدی مدھیہ پردیش سرکار کا ہوتا تھا، اس میں ترمیم کر 25 فیصد ریاست کا کر دیا ہے اور 75 فیصد مرکزی حکومت کا ہے جو درست نہیں ہے۔
وزیر رابطہ عامہ پی سی شرما نے کہا کہ مرکز نے 310 کروڑ روپے مدھیہ پردیش کے کم کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے شیوراج سنگھ چوہان کا ہاتھ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کی وہ دہلی جاکر ایم پی کا پیسہ کم کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاوانتر کے 117 کروڑ روپے روک دیے گئے ہیں۔ نل اسکیم کی رقم بھی روک دی گئی ہے۔
وہی بھوپال مرکزی حلقے کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا جتنا فنڈ یو پی اے حکومت نے مرکز میں رہتے ہوئے مدھیہ پردیش کی بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت کو دیا تھا اتنا فنڈ اب تک کی مرکزی حکومت نے کانگریس حکومت کو نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بھید بھاو کا رویہ اپنا رہی ہے۔
ریاست کے وزیراعلی کمل ناتھ نے جواب دیتے ہوئے کہا اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کو سیلاب متاثرین کی اتنی ہی فکر ہے تو وہ خود مرکزی حکومت کے پاس جائے اور پیسہ لے آئے۔