بھاگلپور میں راہ خدا کمیٹی کے نوجوان پچھلے 25 مارچ کے بعد سے لگاتار غریبوں اور حاجت مندوں میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کر رہے ہیں اور بغیر کسی شور شرابے نام و نمود اور اشتہار بازی کے غریبوں کے گھر کھانے کا کٹ پہنچا رہے ہیں۔
راہ خدا کے اراکین کے مطابق ان کی تنظیم کا بنیادی مقصد لڑکیوں کی شادی میں تعاون کرنا تھا لیکن لاک ڈاؤن کے بعد اس کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔
راہ خدا کمیٹی کے 26 اراکین ہیں اور سب نوجوان اور ہم عمر ہیں جو اپنی جیب سے چندہ اکٹھا کرتے ہیں اور یہ نیک کام کر رہے ہیں۔
ان لوگوں نے حقیقی ضرورتمندوں تک اپنی اشیاء پہنچانے کا یہ طریقہ مرتب کیا ہے کہ کمیٹی کے ارکان اپنےاپنے محلوں میں حاجت مندوں کی شناخت کرکے فہرست بناتے ہیں اور خاموشی سے ان گھروں میں کھانے کا کٹ پہنچاتے دیتے ہیں۔ ان لوگوں کے ذریعہ تیار کٹ میں چاول، دال، چنا، چوڑا، چینی اور تیل جیسی خوردنی اشیاء شامل ہے۔
اب تک یہ لوگ ہزاروں لوگوں کی مدد کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ آج جب ہماری قوم کے زیادہ تر بچوں نے آوارہ گردی کواپنا شیوہ بنا لیا ہے ایسے حالات میں راہ خدا کمیٹی کے یہ نوجوان معاشرے کے نوجوانوں کے سامنے ایک بہترین مثال پیش کر رہے ہیں، جن کے دلوں میں قوم وملت کا دکھ اور درد ہے اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنا لیا ہے۔