ریاست بہار کے بھاگلپور شہر میں ملک میں مختلف فرقوں اور مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان پیدا ہوئی کھائی کو کم کرنے کے مقصد سے کاروان فلاح انسانیت بورڈ کے زیر اہتمام ایک مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف مذاہب کے نمائندوں نے شرکت کی اور معاشرے میں امن بھائی چارہ کی فضا کس طرح قائم ہو اس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
کاروان فلاح انسانیت بورڈ کے بانی مولانا سید سلمان حسینی ندوی نے کہا کہ سب کا خدا ایک ہے، بس اس کو الگ الگ ناموں سے پکارا جاتا ہے اور ہم سبھی انسان آدم اور حوہ کی اولاد ہیں تو آپس میں اتنا تفرقہ کیوں ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے ایک دوسرے مذاہب کے لوگوں سے بات چیت کی جائے اور بین المذاہب مذاکرے کیے جائیں اس سے آپسی بھائی چارہ کا فروغ ہوگا اور ایک بہتر معاشرے کی تشکیل عمل میں آئے گی۔
کاروان امن کے تحت منعقدہ اس اجلاس میں بھاگلپور کے معروف سادھو اور کوپا گھاٹ مندر کے چیف پجاری نرمل بابا نے بھی اپنے خیالات پیش کیے اور سید سلمان حسینی ندوی کے ذریعہ اٹھائے گئے اس قدم کی تعریف کی اور ہندو مسلم اتحاد کا پیغام عام کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب آپس میں لڑائی جھگڑے اور نفرت کی تعلیم نہیں دیتا۔ سبھی مذاہب میں بھائی چارہ پر زور دیا گیا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے مفاد کےلئے ہندو اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرتی ہیں لہذا ہمیں سیاسی پارٹیوں کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہئے۔