ریاست کرناٹک کے منڈیا ضلع میں جمعہ کی شام ایک آٹو رکشا اور ٹپر کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی۔ مرنے والوں کی شناخت باندورو گرام پنچایت کی صدر متمّا (45)، اس کی بیٹی بسامنی (30)، بیٹا وینکٹیش (22)، پوتی چامنڈیشوری (8) اور دو سالہ پوتے کے طور پر ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ خاندان مندر کے دورے سے اپنے گھر واپس آرہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ واقعہ منڈیا ضلع کے ملاولی تعلقہ کے نیلامکانہلی میں آٹو اور ٹپر کے درمیان ٹکر کے بعد پیش آیا۔ ٹپر مالاولی سے مددورو کی طرف جارہا تھا جبکہ آٹو مخالف سمت سے آرہا تھا۔ حادثے کے نتیجے میں آٹو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
مالاولی دیہی پولیس نے کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔