کرناٹک کے بیدر شہر میں محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کی جانب سے چلائی جارہی محمود گاواں اردو لائبریری کو شروع ہوئے ایک برس کا عرصہ ہوا ہے مگر عوام میں کتابوں کا مطالعہ اور لائبریری سے استفادہ کرنے کی دلچسپی نہیں کے برابر نظر آ رہی ہے۔
محمود گاواں اردو لائبریری کے لائبریرین سید صغیر احمد نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'موجودہ دور میں طلبا و طالبات لائبریری کی جانب رخ کرنے میں کم دلچسپی دکھا رہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'موبائل فون سے استفادہ کرنے والے طلبا و طالبات کو یہ بات یاد رکھنا چاہیے کہ لائبریری میں کتابوں کا مطالعہ 'آپ کی زندگی بھر کے لیے ذہن میں رہے گا اور موبائل فون سے حاصل کی ہوئی معلومات وقتی طور پر ہوتی ہے جو آپ کے ذہن میں نہیں رہتی۔ اسی لیے کتابوں سے استفادہ کرنا نہایت ضروری ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'حکومت کرناٹک سے اردو، کنڑ اور انگریزی زبان کی کتابوں کی ایک فہرست روانہ کی جا چکی ہے۔ انشاءاللہ بہت جلد تینوں زبانوں میں کتابیں آجائیں گی۔'
سید صغیر احمد نے اسکول اور کالج کے طلبا و طالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ لائبریری کی کتابوں سے بھی استفادہ کریں اور اردو لائبریری کو زندہ رکھنے کے لئے اپنا تعاون کریں۔